زینت امان کی آشوتوش گوریکر کی فلم پانی پت سے واپسی

Salam Abdul
ایم اے سلام

ماضی کی گلیمرس ایکٹریس 67 سالہ زینت امان طویل وقت کے بعد فلموں میں واپسی کرنے والی ہیں۔ انہوں نے آشوتوش گواریکر کی آنے والی فلم پانی پت سائن کی ہے۔ اس فلم میں ارجن کپور، کرتی سنن اور سنجے دت لیڈ رول میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم 1761 میں ہوئی پانی پت کی تیسری لڑائی پر مبنی ہے جو افغان اور مرہٹوں کے درمیان ہوئی تھی۔ فلم کے ڈائرکٹر آشوتوش گواریکر نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا زینت جی فلم میں ہوشیار گنج کی سکینہ بیگم کا رول کرتی نظر آئیں گی۔ ان کا کردار اپنی ہی ریاست میں محدود رہنے والا ہے۔

 ویسے یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ اشوتوش گواریکر پہلے زینت امان کے ساتھ اسکرین بھی شیر کرچکے ہیں۔ ان دونوں نے 1989 کی فلم ”گواہی“ میں ساتھ کام کیا تھا۔ فلم میں شیکھر کپور، تنوجہ اور وکرم گوکھلے نے بھی اہم کردار نبھائے تھے۔ بتادیں کہ پچھلے سال دسمبر سے ہی پانی پت کی شوٹنگ شروع ہوئی ہے۔ فلم میں مہنیش بیل، کنال کپور اور پدمنی کولہا پوری بھی نظر آئیں گے۔ زینت امان اگلے ہفتہ سے اس فلم کی شوٹنگ شروع کریں گی۔ ویسے زینت امان کو 1971 میں ریلیز ہوئی فلم ہرے راما ہرے کرشنا سے پہچان ملی تھی۔ انہیں آخری بار 2014 میں ریلیز ہوئی فلم ”اسٹرنگ آف پیشن“ میں دیکھا گیا تھا۔ واضح ہو کہ فلم میں ارجن کپور، سنجے دت اور کیرتی سنن مرکزی کرداروں میں ہے۔ یہ فلم دسمبر میں ریلیز کی جائے گی ۔

زینت امان اپنے وقت کی مشہور ماڈل اور بیوٹی کوئین رہ چکی ہیں۔ 70 کے دہے کی اس ایکٹریس کو سب سے زیادہ معاوضہ پانے والی اداکارہ بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے پچاس سالہ فلمی کیریر میں کئی ایک ہٹ فلمیں دیکر ایوارڈز بھی حاصل کئے تھے۔ ان کے کیریر کی دو فلمیں ستیم شیوم سندرم جس میں انہوں نے روپا نامی کردار نبھایا اور ان کے مقابل ششی کپور ہیں۔ انصاف کا ترازو جس میں انہوں نے بھارتی کا کردار کیا تھا لوگوں نے آج بھی نہیں بھلایا ہے۔ اس فلم میں ان مقابل ان کے ہیرو راج ببر تھے ۔ زینت امان اب اپنی عمر کے 67 ویں سال میں چل رہی ہیں۔

 


Find Out More:

Related Articles: