ایم اے سلام
سال 2016 میں ایک مرہٹی فلم آئی تھی سیراٹ یہ پہلی مرہٹی فلم تھی جس نے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔ سیراٹ ہی وہ فلم تھی جس کا ری میک ہندی میں دھڑک نام سے بنا جس سے جہانوی کپور نے ڈبیو کیا تھا۔ سیراٹ کے ڈائرکٹر ناگراج منجولے اب ایک ہندی فلم جھنڈ بنا رہے ہیں جس میں نظر آئیں گے بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن۔ اب اس فلم کا پہلا لک ریلیز کردیا گیا ہے۔ فلم میں امیتابھ بچن ایک پروفیسر کا کردار نبھا رہے ہیں جو گلی میں کھیلنے والے بچوں کو ایک فٹبال ٹیم بنانے کے لئے ترغیب دیتے ہیں۔
امیتابھ نے پہلے لک کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیر کیا اور سلم علاقوں میں رکھی ریڈ اینڈ وائٹ فٹبال کو دیکھتے نظر آرہے ہیں۔ بتادیں کہ ناگراج منجولے بھلے ہی بالی ووڈ میں اب جھنڈ سے ڈبیو کررہے ہوں لیکن مرہٹی سنیما میں وہ ایک بڑا نام ہے۔ اپنی پہلی ہی فلم پسٹولیا کے لئے انہیں نیشنل فلم ایوارڈ ملا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے فنڈری، سیراٹ، ہائی وے اور نال جیسی مشہور مرہٹی فلمیں بنائی ہیں جو بیحد پسند کی گئی ہیں۔
دیکھنا ہوگا منجولے کی پہلی ہندی فلم شائقین کو کتنی پسند آتی ہے۔ یوں تو منجولے کی فلم سیراٹ کو جب ہندی میں دھڑک ٹائیٹل سے بنایا جارہا تھا تو لوگوں نے اس بات کی توقع کی تھی کہ دھڑک بھی سو کروڑ کا بزنس کریگی لیکن ہندی میں اسے شائقین نے قبول نہیں کیا اور فلم بری طرح سے فلاپ ہوگئی۔ امیتابھ بچن جنہوں نے حال ہی میں گلابو سیتابو کی شوٹنگ مکمل کی ہے اب جلد وہ برہما استر کی تکمیل کے بعد منجولے کی فلم جھنڈ کی شوٹنگ میں مصروف ہو جائیں گے۔
Find Out More: