کرکٹ کے شیدائیوں کو معلوم ہوگا کہ یہ کھیل انگریزوں (برٹش) نے شروع کیا اور ٹسٹ (آرام کے دن کیساتھ چھ روزہ مقابلہ) کی شکل میں پہلا آفیشل کرکٹ میچ میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ملبرن میں مارچ 1877 میں کھیلا گیا۔ دنیائے کرکٹ کے تقریباً 143 سالہ سفر میں یہ کھیل کئی تبدیلیوں سے گزرتا ہوا آج چند مقبول ترین آوٹ ڈور گیمز میں سے ہے۔ برسہابرس سے آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) اس کھیل کی گورننگ باڈی ہے۔
جب پہلا آفیشل کرکٹ میچ کھیلا گیا، شاید ہی کسی نے سوچا تھا ہوگا کہ یہ کھیل مستقبل میں نہ صرف ایک سے زائد آفیشل فارمٹ میں کھیلا جائے گا بلکہ ہر فارمٹ کے ورلڈ کپ بھی ہونے لگیں گے۔ حتیٰ کہ ویمنس (خواتین) کی کرکٹ بھی اتنی مقبول ہوجائے گی کہ اس کے بھی عالمی مقابلے ہونے لگیں گے۔ ٹسٹ میچ کی طوالت کو دیکھتے ہوئے سب سے پہلے محدود اوورز کے ونڈے فارمٹ میں ورلڈ کپ شروع کیا گیا جو 1975 سے 2019 (تازہ ترین) تک 12 مرتبہ منعقد ہوچکا ہے۔ انڈیا نے تیسرا اور دسواں ایڈیشن کپل دیو اور مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں جیتا ہے۔
آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ (محدود اوورز کے مقابلے) تو مینس ورلڈ کپ سے دو سال قبل 1973 میں شروع ہوچکا تھا جو تازہ ترین 2017 ورلڈ کپ کے ساتھ 11 مرتبہ منعقد کیا جاچکا ہے۔ ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ (او ڈی آئی) میں ویمنس اور مینس ورلڈ کپ ٹورنمنٹس کے ساتھ 2007 میں آئی سی سی مینس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ شروع کیا گیا جسے دھونی زیرقیادت ٹیم انڈیا جیتا۔ ابھی تک چھ عالمی ایونٹس ہوچکے اور رواں سال اکٹوبر میں 7 واں ایڈیشن آسٹریلیا میں مقرر ہے۔
موجودہ طور پر آسٹریلیا میں 7 واں آئی سی سی ویمنس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جاری ہے جس کے ایک گروپ میچ میں انڈین ویمنس نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز انداز میں 17 رنز سے ہرایا ہے۔ اس جیت کا خصوصیت سے تذکرہ اس لئے کررہا ہوں کیونکہ آسٹریلیا چھ میں سے چار مرتبہ ویمنس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہوا ہے۔ انھیں ان کی سرزمین پر ہرانا ہرمن پریت کور کی قیادت میں انڈین ٹیم کی واقعی بڑی کامیابی ہے۔ اس مقابلے میں پانچویں نمبر پر بولنگ کرتے ہوئے پونم یادو نے چار اوورز میں 19 رنز کے عوض 4 وکٹس حاصل کئے۔ انھیں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
آسٹریلیا کو ہرانے پر انڈین ویمنس کے حوصلے یقینا بلند ہوئے ہیں۔ ابھی تو ٹورنمنٹ کی ابتداءہوئی ہے۔ انڈیا اور آسٹریلیا کا گروپ میں بس پہلا مقابلہ ہوا ہے۔ 23 مقابلوں پر محیط ویمنس ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 8 مارچ کو مقرر ہے، جو انٹرنیشنل ویمنس ڈے ہوگا۔ بین الاقوامی یوم خواتین کا مقصد ہی ویمنس کے خلاف امتیاز کو ختم کرنا نیز گلوبل ڈیولپمنٹ میں خواتین کی مکمل اور مساوی شراکت کیلئے مدد کرنا ہے۔ انٹرنیشنل مینس ڈے ہر سال 19 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
آئی سی سی ویمنس ٹوئنٹی 20 کے ونرز میں آسٹریلیا کے ساتھ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ انڈیا کو اس مختصر ترین آفیشل فارمٹ کے ویمنس ورلڈ کپ میں اپنا کھاتہ کھولناہے۔ دیکھنا ہے ہرمن کور کی ٹیم 7 ویں ورلڈ کپ کو یادگار بنا پاتی ہے یا نہیں؟
٭٭٭
Find Out More: